کانپور: 29 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانپور میں پیر کو ووٹنگ کے دوران ایک پولیس افسر کو دھمکانے کے الزام میں بی جے پی کے ایک رہنما اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ضلع مجسٹریٹ وجے وشواس پنت نے بتایا کہ گوالٹولی علاقائی پولیس افسر جناردن دوبے کی شکایت پر بی جے پی لیڈر سریش اوستھی اور اس کے چھ ساتھیوں کے خلاف دھمکانے اور سرکاری کام میں رخنہ اندازی کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو گئی ہے۔شکایت کنندہ پولیس افسر جناردن دوبے نے بتایا کہ وہ گوالٹولی تھانہ علاقہ کے پرائمری اسکول میں واقع پولنگ مرکز میں بی جے پی کے ایجنٹوں کے ذریعہ ووٹنگ مراکز میں زبردستی گھسنے اور ووٹروں کے نام پر نشان لگائے جانے کی شکایت پر وہاں پہنچے تھے۔ان کاالزام ہے کہ منع کرنے پر بی جے پی لیڈر سریش اوستھی نے وہاں پہنچ کر انہیں انجام بھگتنے کی دھمکی دی اور ساتھی پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھی بدسلوکی کی۔ دوبے کا الزام ہے کہ اوستھی نے ان سے کہا کہ وہ اس کے نشانے پر ہیں اور انتخابات کے کچھ دن بعد انہیں انجام بھگتنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس معاملے لے کر اعلی حکام نے اس بارے میں الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کیا ہے۔